مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نئےانتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا نئےانتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے ، جے یو آئی کی کمیٹی پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت سےحکمت عملی طے کرے گی، پی ٹی آئی سےتلخیاں تھیں اب تعلقات معمول پر لائےجا رہے ہیں ۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاستدانوں پر مقدمات نہیں بننے چاہییں، فوج الیکشن سے لاتعلق ہو جائے سب ٹھیک ہو جائے گا ، ملک میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہییں ، نگران سیٹ اپ کا تصور ختم کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمن نے اعلان کیا کہ پانچ اگست کو بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی کے خلاف ملک گیر یوم سیاہ منایا جائیگا، دس اگست کو مردان میں کسان کنونشن ہوگا ، گیارہ اگست کو پشاور میں تاجر کنونشن جبکہ اٹھارہ اگست کو لکی مروت میں امن کنونشن ہو گا ۔
انھوں نے کہا کہ تمام اجتماعات میں خود شریک ہوں گا اور یہ پارٹی وابستگی سے بالا ہوں گے ، پاکستان کے عوام2001 سے امن کو ترس رہے ہیں معاشی استحکام کیلئےسیاسی استحکام لازم ہے ، اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ ملک اب مزید کسی ایڈونچر یا مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکے گا ، کوئی ایسا قیاس بھی نہ کرے ۔