سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو کرکٹ کا زیادہ علم نہیں ہے۔
سماء کے پروگرام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی خود فیصلہ کریں، وزارت داخلہ سنبھالیں یا پھر پی سی بی، دونوں کام ایک ساتھ نہیں ہوسکتے۔ کہا ہم کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کریں گے تو نتائج بہتر ہوں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ اور ٹیم کی کارکردگی کی بہتری کیلئے بڑے فیصلے کرلیے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونےوالے اجلاس میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم کے اندر یونٹی اور اتفاق نظر آنا چاہیے۔ گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔محسن نقوی نے کہا کہ ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی بھی کھلاڑی کے بارے میں میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔