سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے ، سیکرٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اعترا ف کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ پر حملہ سیکیورٹی کی ناکامی تھی، غلطی کہاں پر ہوئی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق جس عمارت سے فائرنگ ہوئی وہ اسٹیج سے 120 میٹر دور تھی، چھت پر اسنائپر کی تعیناتی سیکیورٹی پلان کا حصہ تھا، عمارت کو کلیئر کرنا مقامی پولیس کی ذمہ داری تھی، شوٹنگ سے چند گھنٹے پہلے حملہ آور نے 50 گولیاں خریدیں۔
سیکرٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اعترا ف کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ پر حملہ سیکیورٹی کی ناکامی تھی، غلطی کہاں پر ہوئی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے سیکرٹ سروس کے سربراہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے انتہائی پھرتی کا مظاہرہ کیا، حملہ آور کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار دیا گیا، تحقیقات کے دوران ایف بی آئی سے پورا تعاون کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر سیکرٹ سروس کا کہناتھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ایجنسیوں سے مشاورت کر رہے ہیں، پنسلوینیا حملے کے بعد ریپبلکن کنونشن کی سیکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ جمہوری قائدین کی حفاظت سیکرٹ سروس کی ذمہ داری ہے، ہم یہ ذمہ داری ایک مشن کی طرح پوری کریں گے۔