وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔ پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا،اب بھی بھرپور مقابلہ کریں گے۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے،ایس لیے ایسے بیانات دے رہی ہے، مخصوص نشستوں کا فیصلہ آئین کے مطابق ہوا،ان کو تکلیف ہورہی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام حربوں کے باوجودمینڈیٹ چور حکومت کومنہ کی کھانا پڑی، حکومت سیاسی میدان میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
عطاتارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت تحریک انصاف پرپابندی عائد کروانے جارہی ہے، حکومت پاکستان تحریک انصاف پرپابندی کی درخواست کرےگی، وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کیس کرےگی، پی ٹی آئی پرپابندی لگانے کیلئے سپریم کورٹ میں کیس دائرکریں گے۔