اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کو اسلام آباد سے باہر لے جانے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو اسلام آباد سے باہر لے جانے سے روکتے ہوئے ساڑھے 5 بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب صنم جاوید کے والد کی بیٹی کی رہائی کے لیے درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔ وکیل میاں علی اشفاق نے دلائل دیے کہ درخواست گزار کی بیٹی کو غیر قانونی طور پر وکیل کے آفس سے گرفتار کیا گیا تھا، گزشتہ روز مجسٹریٹ نے انکو کیس سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
وکیل میاں علی اشفاق نے کہا گزشتہ روز 12 ویں ایف آئی آر میں میری موکلہ ڈسچارج ہوئی تھی، لاہور ہائیکورٹ کا تمام مقدمات سے متعلق فیصلہ موجود ہیں، گجرانوالہ جیل کے باہر 13 جولائی کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کو اسلام آباد سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں بازیاب کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد او ر ڈی جی ایف آئی اے کو ساڑھے 5 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔