ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.11 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 23.33 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 11جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 19.47 فیصد، کیلا 2.30 فیصد، آٹا1.85 فیصد، پیاز 1.55 فیصد، آلو 0.86 فیصد اور انڈے کی قیمت میں 0.61 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس مرغی کی قیمت میں 16.34 فیصد، خشک دودھ 6.07 فیصد، دال چنا3.47 فیصد، لان کلاتھز2.43 فیصد، لانگ کلاتھ 1.58 فیصد، تازہ دودھ 1.37 فیصد، دال مسور1.23 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 1.02 فیصد کا اضافہ ہوا ۔
اعداد وشمار کے مطابق سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.17 فیصد کی کمی ہوئی ہے، 17733 روپے سے لے کر22888 روپے، 22889 روپے سے لےکر29517 روپے، 29518 روپے سے لے کر44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.08 فیصد (کمی)، 0.02 فیصد، 0.09 فیصد اور 0.19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔