جماعت اسلامی کا 12 جولائی کو مجوزہ دھرنا رکوانے کے لیے حکومت سرگرم ہوگئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور دھرنا موخر کرنے کی استدعا کردی ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم کا کہنا ہے کہ ہر صورت دھرنا دیں گے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم سے رابطہ کرکے انہیں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں دھرنا نا دینے کی استدعا کی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے صدر کا دو روزہ دورہ ہے اس لیے دھرنا نا دیا جائے ۔
وزیرداخلہ نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے باعث یوم عاشور پرمشکلات پیدا ہونگی جبکہ دھرنے کوشرپسند عناصر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ سنگین سیکورٹی خدشات لاحق ہیں۔
امیرالعظیم نے بتایا کہ حکومتی ٹیم نے ہم سے رابطہ کر کے مختلف خدشات کا اظہار بھی کیا ہے لیکن ہم نے انہیں باورکرا دیا ہے کہ دھرنا ہرصورت دیں گے۔