قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سابق ممبر وہاب ریاض نے کہاہے کہ سلیکشن کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے میری خدمات کا وقت ختم ہوگیا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے 100 فیصد دیا ہے۔
سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے سلیکشن کمیٹی سے نکالے جانے کے بعد تفصیلی بیان جاری کر دیاہے جس میں ان کا کہناتھا کہ کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتا ، خلوص کے ساتھ کام کیا، سلیکشن کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے میری خدمات کا وقت ختم ہوگیا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے 100 فیصد دیا ہے، سلیکشن پینل کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ سات رکنی پینل میں باہمی تعاون کے ساتھ فیصلے کرنا ، اس عمل میں اپنا حصہ ڈالنا ، گیری کرسٹن اور کوچنگ گروپ کی حمایت کرنا اعزاز کی بات تھی، اس سفر میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں ہر کسی کے ووٹ کا برابر وزن ہوتا تھا ہم نے بطور ٹیم سلیکشن کے فیصلے کیئے اور اس معاملے کی ذمہ داری بھی برابر ہے ، مجھے اپناکردار ادا کرنے پر فخر ہے ، میں ان لوگوں کو شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے اپنی دعاوں میں مجھے یاد رکھا ، میں قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں ۔