فیفا نے ورلڈ کپ 2030ء کے میزبانوں کا اعلان کردیا، تاریخ میں پہلی بار میچز تین براعظموں یورپ، افریقا اور جنوبی امریکا میں کھیلے جائیں گے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم کے مطابق ورلڈ کپ 2030ء کے میزبان مراکش، اسپین اور پرتگال ہوں گے جبکہ میگا ایونٹ کے 3 ابتدائی میچز یوراگوئے، ارجنٹائن اور پیراگوئے میں کھیلے جائیں گے، فیفا نے ورلڈ کپ 2030ء کے میزبانوں کا اعلان بدھ کو کیا۔
رپورٹ کے مطابق یوروگوئے، ارجنٹائن اور پیراگوئے کو 1930ء میں یوروگوئے میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی 100 ویں سالگرہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ابتدائی میچوں کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق تمام 6 ممالک اس ٹورنامنٹ کیلئے خود بخود کوالیفائی کرلیں گے، یہ افریقا، جنوبی امریکا اور یورپ میں منعقد ہونیوالا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا۔
افتتاحی کھیل یوراگوئے کے ’ایستادیو سینتیناریو‘ میں کھیلا جائے گا، یہ اسٹیڈیم 1930ء کے ٹورنامنٹ کیلئے بنایا گیا تھا اور اس نے فائنل کی میزبانی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فٹبال کے میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب مراکش، پرتگال یا اسپین میں ہوگی۔
مراکش کو پہلی بار فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی ملی ہے، افریقی ملک ماضی میں ٹورنامنٹ کی میزبانی حاصل کرنے کیلئے 5 بار بولی لگا چکا ہے۔
پرتگال بھی پہلی بار میگا ایونٹ کا میزبان ہوگا، اس نے اسپین کے ساتھ 2018ء اور 2022ء میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے بولیاں دیں تاہم ناکام رہا جبکہ اسپین نے آخری بار 1982ء میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کی تھی۔