ویسے تو کسی یورپی ملک میں بسنا آسان بات نہیں لیکن ایک یورپی ملک ایسا بھی ہے جہاں رہنے پر آپ کو لاکھوں روپے ملیں گے۔
امریکی میگزین فوربز کے مطابق یورپ کا وہ ملک اٹلی ہے جس کو آپ اپنا مسکن بنائیں گے تو حکومت آپ کو لاکھوں روپے دے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے جزیرے تسکانی میں رہائش اختیار کرنے والوں کو فی کس 30 ہزار یورو (پاکستانی تقریباً 90 لاکھ سے زائد) رقم دی جائے گی۔
تسکانی وسطی اٹلی میں واقع خوبصورت خطہ ہے جس میں پہاڑی علاقوں کی تعداد زیادہ ہے اور کئی علاقے پانچ ہزار سے بھی کم آبادی والے ہیں۔ اس پرکشش منصوبے کا مقصد علاقے میں آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا اور دیہی علاقوں کی آبادی کو بڑھانا ہے۔
اسکیم کا مقصد آبادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں کو سماجی و معاشی لحاظ سے بہتر بنانا ہے۔ 5 ہزار سے کم آبادی والے 76 قصبوں یا شہروں میں رہائش کے لیے گھر کی تزئین نو کے 50 فیصد اخراجات اس پروگرام کے تحت دیے جائیں گے۔
اس مقصد کے لیے تسکانی کے حکام نے گزشتہ ماہ ایک پروگرام متعارف کرایا تھا جس کے لیے 28 لاکھ یورو مختص کیے گئے تھے اور وہاں منتقل ہونے والوں کو 10 سے 30 ہزار یورو تک دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنے رہنے کی جگہ کو بہتر کر سکیں۔
تاہم یہ پرکشش پیشکش اطالوی شہریوں کے ساتھ یورپی یونین کے رہنے والوں اور یورپی یونین سے باہر کے صرف ایسے شہریوں کے لیے ہے جن کے پاس اٹلی کا 10 سال کا ویزا موجود ہو۔
اس پروگرام سے مستفید ہونے کے خواہشمند اپنی درخواستیں 27 جولائی 2024 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اہل افراد کو تسکانی میں رہائش اختیار کرنا ہوگی۔