نئے بلنگ سسٹم سے 10 ڈسکوز کے 3 لاکھ 26 ہزار 350 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکل گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بجلی کے صارفین کی اووربلنگ پر تحقیقات کی رپورٹ سامنے آگئی جس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بجلی کمپنیوں میں " پروریٹا بلنگ سسٹم " کے نفاذ سے لاکھوں صارفین اووربلنگ کا شکار ہوئے اور نئے بلنگ سسٹم سے 10 ڈسکوز کے 3 لاکھ 26 ہزار 350 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکل گئے۔
دستاویزات کے مطابق وزارت توانائی کے حکم پر ڈسکوز نے پرور یٹا بلنگ سسٹم شروع کیا ہے اور سسٹم پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے کنسلٹنٹس نے نافذ کر وایا۔
ذرائع کے مطابق پروریٹا سسٹم بظاہر اووربلنگ روکنے کے لئے تیار کیا گیا اور نئے سسٹم کے نفاذ سے لاکھوں صارفین کو ایوریج بلنگ کا نفاذ ہوا، سافٹ ویئر نے بلنگ سائیکل کے 30 دن پورے کرنے کیلئے اضافی یونٹس چارج کئے۔
پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے نکلنے سے 3لاکھ 26 ہزار 350 صارفین کو جون میں دگنے بل ادا کرنے پڑے۔
دستاویز کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 66 ہزار 447 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکل گئے جبکہ گیپکو کے 63 ہزار 265، میپکو کے 62 ہزار 765 صارف متاثر ہوئے اور لیسکو کے 49 ہزار753 صارف پروٹیکٹڈ کیٹگری سے باہر ہوگئے۔
فیسکو کے 27 ہزار 654، حیسکو کے 26 ہزار 800 صارف متاثر ہوئے، ٹیسکو کے 11 ہزار 631 ، سیپکو کے 11 ہزار 129 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے باہر ہوئے۔
کیسکو کے 6 ہزار12 ،آئیسکو کے 827 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکل گئے۔