امریکی سفارتخانے نے قطر میں سفارتخانے کے شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ ایرانی میڈیا کا کہناہے کہ حملوں میں اب تک ایران کے ایک ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں ۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی میڈیا کاکہناہے کہ اسرائیلی اور امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، جنگ میں اب تک ایک ہزار 45 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر لکھا ہے کہ جب پیچیدہ جوہری مذاکرات کو ایک ریئل اسٹیٹ کی خرید و فروخت جیسا سمجھا جائے، اور جب جھوٹ حقائق پر چھا جائیں تو غیر حقیقی توقعات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں، نتیجہ؟ میز پر بمباری کر کے مذاکرات کو خراب کرنا، مسٹر ٹرمپ نے سفارتکاری اور اپنے ووٹرز کے ساتھ دھوکہ کیا۔
آیت اللہ خامنہ کے مشیر کا ایرانی میڈیا کو انٹرویو
آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر نے کہا کہ امریکا انقلاب کے دن سے ایران کو توڑنے کی کوشش کررہا ہے، امریکا کے ساتھ مذاکرات کی اب کوئی وجہ باقی نہیں، جب تک ضرورت پڑی ہم جنگ جاری رکھیں گے۔
ایران کی جانب سے آیت اللہ خامنہ ای کے آخری دیدار اور تدفین کو فی الحال موخر کر دیا گیاہے ۔
قطر میں امریکی سفارتخانہ کی شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت کر دی ہے ، قطر کی فضائی حدود بدستور بند ہیں جبکہ فضائی آپریشن بھی معطل ہیں، قطر سے باہر جانے کیلئے سعودی عرب کی سرحد کھلی ہے۔
ایرانی بحریہ کے فریگیٹ پر امریکی آبدوز کا حملہ
کلیش رپورٹ نے دعویٰ کیاہے کہ امریکی آبدوز نے ایرانی بحریہ کے فریگیٹ کو سری لنکا کے قریب نشانہ بناتے ہوئے تباہ کر دیا ۔
ایرانی فریگیٹ میں موجود افراد میں سے 32 زخمیوں کو بچا لیا گیاہے جبکہ 148 تاحال لاپتا ہیں ۔ جہاز بھارت میں منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو / ملان 2026 بحری مشق میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا ۔
سری لنکن نیوی کے مطابق تباہ ہونے والے ایرانی فریگریٹ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے۔ نیوی حکام کا کہنا ہے کہ کئی لاشیں ملی ہیں جو ممکنہ طور پر فریگریٹ کے عملے کی ہو سکتی ہیں۔
سری لنکن نیوی کے بیان کے مطابق بحری جہاز کو سری لنکا کی سمندری حدود سے باہر نشانہ بنایا گیا۔ مدد کی اپیل موصول ہونے پر فوری طور پر امدادی مشن روانہ کیا گیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ تباہ ہونے والا جہاز ایک جنگی بحری جہاز تھا، اور امدادی ٹیمیں زیادہ سے زیادہ جانیں بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سرچ اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ترکیہ
ترکیہ نے ایران کی جانب سے آنے والے بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیاہے ، ترک حکام کا کہناتھا کہ نیٹو کے دفاعی نظام نے ایرانی میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا، ایرانی میزائل کو ترک حدود میں پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔
ترک وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو ٹیلیفون کرتے ہوئے میزائل فائر کرنے پر ایران سے احتجاج ریکارڈ کروایا ، ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ کشیدگی کے پھیلنے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
آئی اے ای اے
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود نہیں ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے رافائل گروسی نے کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق ایران نے ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کیے۔
گروسی کے مطابق حالیہ دنوں میں اصفہان کے قریب دھماکے ہوئے، جو اسرائیلی اور امریکی فوجی کارروائی کے دوران پیش آئے۔ تاہم ان دھماکوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی اے ای اے نے نطنز جوہری سائٹ میں معمولی نوعیت کا نقصان ریکارڈ کیا ہے، لیکن مجموعی طور پر جوہری انفراسٹرکچر محفوظ ہے۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای
ایران کے مقتول سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایران کے شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
86 سالہ آیت اللہ علی خامنہ ای گزشتہ ہفتے ہفتہ کے روز امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہوئے تھے۔وہ 36 برس تک ایران کے سپریم لیڈر رہے اور ملک کی سیاسی و مذہبی قیادت سنبھالتے رہے۔
خامنہ ای کا تعلق مشہد سے تھا، جو ایران کا دوسرا بڑا شہر ہے، اور ان کے والد کی تدفین بھی امام رضا کے مزار پر ہے۔
تدفین سے قبل دارالحکومت تہران میں ایک ’بڑی الوداعی تقریب‘ منعقد کی جائے گی۔
خامنہ ای کی وفات کے بعد ملک کا اقتدار عارضی طور پر 3 رکنی عبوری کونسل کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو اس وقت تک ذمہ داریاں انجام دے گی جب تک مجلس خبرگان نئے سپریم لیڈر کا انتخاب نہیں کر لیتی۔






















