عالمی کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیشِ نظر حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مطابق قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کے دوران ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا نہ ہو۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں عارضی طور پر سپلائی کو ریگولیٹ کر سکیں گی، جبکہ ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ماضی کی فروخت کے تناسب سے پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جائے گا۔
ریگولیٹر کے مطابق سپلائی مینجمنٹ کا یہ اقدام نظام میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے ضروری اور معمول کی کارروائی کا حصہ ہے۔
اوگرا نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی قسم کی قلت نہیں۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں ۔





















