پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے بدھ کے روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی پہلی سماعت کی جسے 9 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفرکیس کی سماعت ملتوی
پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کی اٹک جیل منتقلی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے لیکن درخواست زیر التواء ہونے کے باوجود وزارت قانون نے ویسا ہی نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز وزارت قانون کی جانب سے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ طے کرے کہ کیا وزارت قانون ایسا نوٹیفکیشن جاری کرسکتی ہے اور کیا ٹرائل جج وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا پابند ہوگا ؟۔
درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزارت قانون کے دائرہ قانون کو چیلنج کر رکھا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مرکزی درخواست پر محفوظ فیصلہ بھی جلد سنایا جائے اور وزارت قانون کو مستقبل میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔