امن دشمنوں کے خلاف پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے 2 مختلف علاقوں میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انتہائی خفیہ اطلاعات پر ضلع خیبر اور لکی مروت میں آپریشنز کئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں 7 دہشتگردوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیا، مرنے والوں میں دو کمانڈرز بھی شامل تھے جن کی شناخت اشفاق عرف معاویہ اور کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان کے ناموں سے ہوئی۔
بیان کے مطابق لکی مروت میں کارروائی کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ہلاک دہشتگرد انتہائی مطلوب اور علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقےمیں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔