میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ہزاروں ملازمین کی تنخواہیں اور پینشنز مستقل ڈائریکٹر آڈٹ کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث رک گئیں۔
ذرائع کے مطابق مستقل ڈائریکٹر آڈٹ کی تعیناتی نہ ہونے سے دفتری مالی معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں،آپریشنل معاملات کے لیے چیک سائن نہ ہونے سے واجبات کی ادائیگی سمیت دیگر معاملات کو بریک لگ گئی ہے۔
ریگولیشن و انفورسمنٹ سکوارڈ کے فیول کارڈ بند ہونے سے لاہور میں انسداد تجاوزات آپریشن بھی متاثر ہوا ہے،بلدیہ عظمی کے اڑتالیس سو ملازمین کی جون کی تنخواہیں جبکہ بیالیس سو سے زائد پینشنرز کو پینشن کی ادائیگی بھی لٹک گئی ہے۔
ٹاون ہال سمیت لاہور کے نو زونل دفاتر میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث بجلی کی بندش ہے،ڈائریکٹر آڈٹ کی سیٹ پر مستقل تعیناتی کے بجائے تین بار اضافی چارج دے کر کام چلایا گیا،تین بار سے زائد دفعہ عہدے کا اضافی چارج نہیں دیا جا سکتا۔