سندھ کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی نپاہ وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ محکمہ صحت نے ضلعی انتظامیہ کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
بھارت میں پھیلنے والے نپاہ وائرس کے پاکستان میں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پڑڑوسی ملک سے نپاہ وائرس یہاں منتقل ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے اس وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے، اپنے اپنے اضلاع میں وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔
محکمہ صحت نے ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نپاہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کو آئسولیٹ کیا جائے، وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بروقت اپ لوڈ کی جائے اور تفتیش کیلئے بروقت نمونے لے کر لیبارٹری پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ صحت سندھ بھی نپاہ وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہیلتھ الرٹ جاری کر چکا ہے۔