وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کو ڈویژن کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کو ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ ڈویژن کے قیام کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ادارے کی صلاحیتیں مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعظم کواسپیشل انویسٹمنٹ سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کے آپریشنز، دائرہ کار اور مستقبل کی رپورٹ پیش کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ون ونڈو کی سہولت میسر آئے گی،ڈویژن کے قیام سے دفتری رکاوٹیں کم اور وفاقی صوبائی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا، سول ملٹری تعاون سے فیصلہ سازی اور میکرو اکنامک استحکام کو فروغ ملے گا۔
رپورٹ میں مزید لکھا گیا کہ ڈویژن کے تحت بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکی سرمایہ کاروں تک بھی بڑھایا گیا، ایس آئی ایف سی کے ذریعے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،اس رپورٹ کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اور انتظامی وسائل کو بھی بڑھانے پر زوردیا۔