انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے کرکٹ کا میگا ایونٹ شروع ہونے سے 2 روز قبل بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی مینز ورلڈکپ 2023کا سفیر مقرر کر دیا۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق اپنےکیریئر میں چھ 50 اوور کے ورلڈ کپ میں قابل رشک ریکارڈ رکھنے والے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ سے قبل مینز کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ واک آؤٹ کریں گے اور ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کا اعلان کریں گے۔
سچن ٹنڈولکر نے کہاہے1987 میں بال بوائے ہونے سے لے کر چھ ایڈیشنز میں ملک کی نمائندگی کرنے تک، ورلڈ کپ نے ہمیشہ میرے دل میں ایک خاص جگہ بنائی ہے، 2011 میں ورلڈ کپ جیتنا میرے کرکٹ کے سفر کا سب سے قابل فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت ساری خصوصی ٹیموں اور کھلاڑیوں کے ساتھ جو یہاں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں سخت مقابلوں کیلئے تیار ہیں، میں اس شاندار ٹورنامنٹ کا بے صبری سے منتظر ہوں۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز کلیئر فرلانگ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 کا سفیر مقررکرنا حقیقی اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شائقین کو 9 لیجنڈ کرکٹرز بھی دیکھنے کو ملیں گے، اور ہم اس ایونٹ کے شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
کلیئر فرلانگ کے مطابق ان 9 لیجنڈ کرکٹرز میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ ویوین رچرڈز، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز، انگلینڈ کے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ایون مورگن، آسٹریلیا کے ایرون فنچ، سری لنکا کے عظیم سپن متھیا مرلی دھرن، نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر، بھارت کے سریش رائنا اور سابق کپتان متھالی راج اور پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ شامل ہیں۔