خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جمعہ کو کرم میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں حوالدار عقیل احمد ، لانس نائیک محمد تافیر، سپاہی انوش روفن ، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گردی کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہید اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کردیا، سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کا ناسور مکمل ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا اظہار افسوس
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی جوانوں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ملک میں امن کی خاطر فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور قوم کوسیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر فخر ہے۔