چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نےتھری ایم پی او کے تحت گرفتارپی ٹی آئی کے مقامی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کے کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاور عدالت میں پیش ہوئے ،چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کو کیوں گرفتار کیا گیا، ڈی سی اورپولیس کیا اتنے طاقتور ہیں کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے۔
ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کا پتہ نہیں تھا، پولیس کے امن وامان خراب ہونے کے مراسلے پر عرفان سلیم کو گرفتار کیا تھا۔
چیف نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے احکامات پرعمل نہیں ہوا تو پھر ہمیں کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ، ڈپٹی کمشنر نے عدالتی احکامات کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
عدالت عالیہ پشاورنے پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم دیدیا جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔