بھارت کے سابق فاسٹ باؤلر ڈیوڈ جانسن نے مبینہ خودکشی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور کرناٹک کے سابق کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے گھر کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ خودکشی کر لی ہے اور ریپبلک ورلڈ کے مطابق وہ ڈپریشن سے لڑ رہے تھے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جانس کی موت 52 سال کی عمر میں ہوئی ، وہ اپنی رفتار کے لیے مشہور تھے اور ڈومیسٹک میں کرناٹک کی جانب سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستانی ٹیم میں آئے۔
انہوں نے 1996 میں آسٹریلیا کے خلاف دہلی ٹیسٹ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اپنے کیرئیر کے دو میچز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
جانسن نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 39 میچوں میں 28.63 کی اوسط اور 47.4 کے اسٹرائیک ریٹ سے 125 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک سنچری بھی اپنے نام کی۔
ڈیوڈ جانسن اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ سے وابستہ تھے۔
کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ جانسن اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت کی چوتھی منزل سے گرا ہے، اسے کریسنٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ سے خودکشی کا شبہ پیدا ہوا ہے تاہم، اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
جانسن کی موت کی خبر نے کرکٹ برادری کو صدمہ پہنچایا اور سابق کرکٹرز انیل کمبلے اور گوتم گمبھیر نے اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انیل کمبلے کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کرکٹ کے ساتھی ڈیوڈ جانسن کی موت کا سن کر دکھ ہوا، ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، بہت جلد چلا گیا۔
گمبھیر نے کہا کہ ڈیوڈ جانسن کی موت سے غمزدہ ہوں۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے سابق ہندوستانی فاسٹ باؤلر ڈیوڈ جانسن کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ گہری تعزیت، کھیل میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔





















