پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان اور چین کے مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے ذکر پر اعتراض کا حق نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزارت خارجہ کے 13 جون کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پاک چین مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے ذکر پر اعتراض کا حق نہیں، یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر 7دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ قراردادوں میں واضح ہے کہ ریاست کا حتمی فیصلہ کشمیریوں کی مرضی سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارتی دعوے بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہیے کہ سی پیک پر عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے، سی پیک اہم ترقیاتی کوشش ہے، جس پر دو خودمختار ممالک نے اتفاق کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پر بے بنیاد دعوے کے بجائے بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔