پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کا فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی کے واقعہ پر سخت ردعمل سامنے آگیا۔
فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں مداح سے لڑائی کرتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں حارث روف کو مداح کو گھٹیا کہتے ہوئے سنا گیا جبکہ وہ مداح کو مارنے بھی بھاگے۔
اس موقع پر حارث روف کی اہلیہ انہیں روکتی رہیں مگر فاسٹ بولر نے ایک نہ سنی۔
حارث کا موقف
واقعہ سے متعلق جاری اپنے بیان میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ میں نے یہ بات سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب ویڈیو سامنے آچکی ہے ، جب بات فیملی پر آتی ہے تو جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔
محسن نقوی کا ردعمل
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معافی نہ مانگنے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔