خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں عیدالاضحیٰ پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا، واپڈ حکام لوڈشیڈنگ کا ظلم بند کردے۔
مردان میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واپڈا کے خلاف چا ٹو چوک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عید کے پہلے اور دوسرے روز ناروا لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ واپڈا افسران اپنی عید منا رہے ہیں۔ عوام کا کوئی پوچھنے والا نہیں، نماز عید کے دوران بھی بجلی بند تھی۔
دوسری جانب کرک میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین نے کرک مین روڈ پر دھرنا دیکر روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کردیا، احتجاجی خواتین نے لوڈشیڈنگ کے حلاف نعرے بازی کی۔
نوشہرہ کلاں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے اور مردان نوشہرہ روڈ بلاک کردیا جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے واپڈا اور گیس حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔