خیبرپختونخوا حکومت نے ملک میں جاری سخت گرمی کی لہر کے باعث سیاحوں کی بہت بڑی تعداد میں صوبہ کے بالائی اور شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے پیشِ نظر عیدالاضحی کی چھٹیوں کے ایام میں بھی سیاحوں کو سیکورٹی اور دیگر سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے پوری انتظامی مشینری کو فعال بنانے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور، مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی ہدایات کے تحت سیکرٹری سیاحت محمد بختیار خان نے ہزارہ ڈویژن کے کمشنر، ریجنل پولیس آفیسرز، متعلقہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان کو واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ وہ اس ضمن میں ضروری انتظامات کریں۔
حکمنامہ میں سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبائی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، گلیات، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاحوں کی سہولت کیلئے فیلیسیٹیش سینٹرز دن رات کھلے رکھیں۔
ٹورازم پولیس معروف سیاحتی مقامات پر مقامی ٹریفک پولیس کے ساتھ مربوط ٹریفک انتظامات یقینی بنائیں، شاہراہوں کی کلیئرنس کیلئے بھاری مشینری بھی تیار رکھیں اور مقامی بازاروں اور مارکیٹوں میں صحت و صفائی، واش رومز اور آبنوشی کا مناسب انتظام کریں۔ ان ہدایات کی روشنی میں کئی اضلاع اور مصروف سیاحتی مقامات پر ملازمین کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔