خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں عید قربان سے پہلے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 100 روپے سے زائد اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عید قربان سے پہلے منافع خوروں نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنا شروع کردیا ۔لال لال ٹماٹر کے نرخوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ تین دن پہلے 40،50 روپے کلوملنے والے ٹماٹر 150 روپے پر پہنچ گئے۔
دوسری جانب پیاز،سبز مرچ ،ادرک سمیت دیگر سبزیاں بھی مہنگی ہوگئی، قیمتوں میں اضافے سے پریشان شہریوں نے حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر دیگر اضلاع سپلائی کرنے پر دفعہ 144 نافذ کردیا۔ اگلے 10 دن کےلیے ٹماٹر کی دیگر اضلاع سپلائی پر پابندی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ کسی بھی شخص یا ادارے کو ٹماٹر دیگر اضلاع لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب کراچی میں ٹماٹر 240 روپےکلو اور پیاز 150روپے کلو میں فروخت ہونے لگی۔ پکوانوں میں عام استعمال ہونے والا لہسن ادرک 150روپے پاؤ میں فروخت ہو نے لگا۔