قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فائر والز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت تباہ کردی ہے، آئندہ مالی سال بھی شرح نمو نیچے جائے گی، ملکی تاریخ میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ہے، حکومت نے کئی اعداد و شمار مصنوعی طور پر بڑھائے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ گندم کی فصل تباہ ہوگئی لوگ بیچ نہیں پا رہے، زراعت سے متعلق حکومتی دعوے غلط ہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بہترین پیداوار حکومت اور کسانوں کو فائدہ نہیں دے رہی، اب چاول کا بھی بحران آئے گا، افراط زر میں کمی نہیں آئی مزید بڑھی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی لیکن عوام کو فائدہ نہیں مل رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈالر کو مصنوعی طور پر 275 پر رکھا ہوا ہے، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی، حکومت نے درآمدات کو محدود رکھا ہے جس سے بجلی بحران ہے، لوڈشیڈنگ بجلی چوری نہیں بجلی پیدا نہ کرنے سے ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ہتک عزت قانون کی شدید مذمت کرتے ہیں، پنجاب ہتک عزت قانون آزادی صحافت کیلئے زہر قاتل ہے، سوشل میڈیا پر فائر والز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔
مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام سے پوچھیں مہنگائی کم ہوئی یا زیادہ ؟۔