وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نے ملک کو معاشی مشکلات کے منجھدار سے نکال کر استحکام کی طرف لائے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے پاکستان کی معیشت کو بچایا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے بجٹ کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ باوقار قومیں محنت،لگن اور حوصلے سے اپنی تقدیریں بدلتی ہیں۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری وہیں آتی ہے جہاں امن اور سیاسی استحکام ہو، دنیا بھر میں جہاں بھی گیا،قرض کی بجائے سرمایہ کاری کا کہا، خواتین کو با اختیار بنانے،باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے محنت کرنی ہے۔ نوجوانوں کی آئی ٹی کے شعبےمیں تعلیم وتربیت یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باصلاحیت افرادی قوت کوروزگار کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قوم کو بنیادی صحت، اعلیٰ تعلیم، ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرناہیں، معاشی استحکام کیلئےہمیں شب وروز محنت کرنی ہے، بجٹ کے حوالے سے جھوٹ، پروپیگنڈے کا مؤثر اور مدلل جواب دیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتشار سے بھرپور سیاست پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دیکھی، سازشی ٹولے نے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، شہداکی بے حرمتی کی، ملک دیوالیہ کرنےکا خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری رہ گئیں، ہم نے سیاست قربان کرکے پاکستان کی معیشت کو بچایا۔