دل دکھانے والی شکستوں کے بعد بڑے کھلاڑیوں کو گھر بھیجے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی نے بڑی سرجری کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کوچز، سلیکٹرز اور بڑے کھلاڑیوں کو گھر بھیجے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی کی کارکرگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ٹیم میں اختلافات پر کھلاڑیوں سے انفرادی طور پر بھی پوچھا جائے گا۔ کپتان اورکھلاڑیوں سےسوالات کےجوابات مانگے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق تسلی بخش جواب نہ ملا تو کپتان کی بھی چھٹی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب شاہین اسی کوشش میں آج کینیڈا سے ٹکرائیں گے۔ یہ میچ ہارے تو ٹاٹا، گڈ بائے۔ اور اگر جیت بھی گئے تو ایونٹ میں آگے بڑھنے کی کہانی اگر مگر کی کے سہارے ہی چلے گی۔ پاکستان کو آخری دو میچز جیتنا ہوں گے، کینیڈا اور آئرلینڈ کو ہرحال میں ہرانا ہوگا۔ امریکا کے ہارنے کی دعا بھی کرنا ہوگی، اگر ایسا ہی ہوا تو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان یا امریکا کو سیمی فائنل کا ٹکٹ ملے گا۔