اسپین کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئی۔ حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کو علی الصبح اسپین کے جنوب مشرقی شہر مرسیا کے نائٹ کلب میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں بھر گیا جس میں سانس لینے والے مزید 4 افراد شدید متاثر ہوئے۔
اسپین کے ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ لگنے کے وقت کلب میں سالگرہ کی کئی تقریبات ہورہی تھیں۔
اسپین کی نیشنل پولیس کے افسر ڈیاگو سیرل نے صحافیوں کو بتایا کہ اموات کلب کے حصے فونڈا میں ہوئیں، جہاں آگ لگنے سے سب سے زیادہ نقصان ہوا، آگ لگنے سے وہاں کی چھت بھی گر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ چھت گرنے کی وجہ سے متاثرین کی تلاش میں مشکلات ہیں، لاشوں کی شناخت میں بھی وقت لگے گا۔
اسپین کی ایمرجنسی سروسز نے آگ لگنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 بتائی ہے جس میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
مرسیا کے میئر جوز بلستا نے واقعے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا، اس دوران مرسیا کے سٹی ہال کے باہر پرچم سر نگوں کردیا گیا۔