صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پانچ سالہ مدت صدارت مکمل ہوگئی تاہم وہ نئے صدر کے انتخاب تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی 5 سالہ مدت صدرات پوری کرنے والے چوتھے جمہوری صدر بن گئے ہیں، انہوں نے 9 ستمبر 2018 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
5 سالہ آئینی مدت کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے بینک فراڈ اور جنسی ہراسانی کے مقدمات پر اہم فیصلے کرکے کئی متاثرین کی داد رسی کی اور اپنی اہلیہ کے ہمراہ بریسٹ کینسر آگاہی مہم بھی موثر طریقے سے چلائی۔
حلف اٹھانے کے بعد ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر کے دروازے عام لوگوں کے لئے کھول دیئے اور ہفتے میں ایک دن ہر کسی کو اقتدار کا سب سے بڑا ایوان دیکھنے کی اجازت دی، کورونا وبا کے دوران نمازیوں کے سماجی فاصلے کا نقشہ بھی انہوں نے ہی پیش کیا جبکہ میاواکی جنگل کی تکنیک سے ایوان صدر میں 4 ہزار پودے بھی لگائے۔
صدر مملکت نے ایوان صدر کی سولر انرجی پر منتقلی، ایوان صدر کی جامع مسجد کا خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کی ہدایت بھی دی جبکہ معذرور افراد کی بحالی کا پروگرام بھی فعال کیا۔
بطور صدر پاکستان پانچ سال کے دوران عارف علوی ترکی چین،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت 9 ممالک میں گئے اور کئی مرتبہ کمرشل فلائیٹس پر سفر کیا۔