وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثےسےمالا مال ہے، پاکستان کی تاریخی جگہیں سیاحتی مقامات میں بدلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے تاریخی ورثے ٹیراکوٹا واریئر میوزیم کا دورہ کیا جہاں تاریخی ورثہ جات کے تحفظ، بحالی اور سیاحت کے فروغ پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اورہنرکی تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عظیم قومیں چین کی طرح تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں۔ چینی حکومت کے اقدامات قابل تقلید ہیں۔ پاکستان بھی تاریخی وثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ تاریخی جگہیں بحال کرکے سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے۔
صدرشی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کوآبائی شہر شی آن کےدورے کی دعوت دی تھی، وزیراعظم نے کہا کہ میوزیم کے دورے کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ کا مشکور ہوں، چین نے اپنی محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا۔ دورے میں خواجہ آصف، احسن اقبال، محمد اورنگ زیب،عطا تارڑ، مصدق ملک، سردار اویس لغاری اور رانا تنویر بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔