ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے ایک اور اپ سیٹ کردیا، 160 رنز کے دفاع میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 75 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
نیوزی لینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی پہلی وکٹ 14 ویں اوور میں 103 رنز پر گری جب ابراہیم زدران کو میٹ ہینری نے بولڈ کیا۔
ابراہیم زدران نے41 بالز پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 56 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2 ، 2 وکٹیں لیں جبکہ فرگوسن ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
افغانستان کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور میٹ ہینری 10 رنز اسکور کر پائے، جبکہ بقایا کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی بیٹر دو ہندسوں میں داخل نہیں ہو پایا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 160 رنز کے دفاع میں افغان بولر فضل حق نے 3.2 اوورز میں 17 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان نے بھی اپنے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔