امریکا اور ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں تاہم پیر کو امریکی شہر نیویارک کے ناساؤ کرکٹ سٹیڈیم میں لو سکورنگ کے باعث’ڈراپ اِن پچز‘ پر سوالات اُٹھنے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ ناساؤ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 77 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ 78 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 17ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
اس کے بعد سری لنکا کے کپتان وینندو ہاسارنگا اور جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مرکرم کی جانب سے ڈراپ اِن پچ پر تنقید کی گئی۔ دونوں کپتانوں کے علاوہ کرکٹ ایکسپرٹس اور شائقین کی جانب سے بھی ڈراپ اِن پچ پر تنقیدی تبصرے کیے گئے۔ واضح رہے کہ روایتی حریف انڈیا اور پاکستان کا جوڑ بھی 9 جون کو اسی سٹیڈیم میں پڑنا ہے۔
مزید پڑھیں
پاک بھارت میچ کے دوران نیویارک کا موسم کیسا رہے گا؟
ڈراپ اِن پچ کو کرکٹ کے میدان سے باہر کسی فیکٹری یا مخصوص ماحول والی جگہ پر مصنوعی طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔ بوقتِ ضرورت اس ڈراپ ان پچ کو گراؤنڈ میں پہنچا کر کرین کی مدد سے نصب کر دیا جاتا ہے اور استعمال کے بعد یہ دوبارہ اُکھاڑ دی جاتی ہے۔
ڈراپ اِن پچ کا استعمال زیادہ تر ان میدانوں میں کیا جاتا ہے جن پر کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیل بھی کھیلے جاتے ہوں۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے رواں سیزن کے موقع پر امریکہ کے مختلف سٹیڈیم انہی پیچز کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔
ڈراپ اِن پچ رنز کی شرح کم ہونے کہ وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔ کرکٹ اکسپرٹس کا ماننا ہے کہ ایسی جگہ جہاں نئی نئی کرکٹ کھیلی جا رہی ہو اس جگہ کے لیے ڈراپ اِن پچ موزوں نہیں ہے۔