پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات سامنےآگئی ہیں اور آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے تک متوقع ہے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اب تک 620 ارب 59 کروڑ کی 4211 اسکیمیں شامل ہیں جبکہ بجٹ دستاویزات کے مطابق 391ارب روپے کی جاری 2805 اسکیمیں بجٹ کا حصہ ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق 5 ارب 39 کروڑ لاگت کی 1391 نئی اسکیمیں بھی بجٹ کا حصہ ہوں گی، دیگر ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 33 ارب 82 کروڑ مختص کیا گیا ہے اور آئندہ مالی سال میں 1863 اسکیموں کو مکمل کیا جائے گا جس میں 1617 جاری اور 246 نئی اسکیمیں مکمل کرنے کا ہدف شامل ہے۔
سڑکوں کیلئے سب سے زیادہ 121 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، صحت کیلئے 110ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں، لوکل گورنمنٹ 14 ارب چارکروڑ ، اسپیشل ایجوکیشن 2ارب مختص جبکہ لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کیلئے ساڑھے 3ارب کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
محکمہ انڈسٹریز 10ارب 79 کروڑ ، پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ 37 ارب 38 کروڑ جبکہ واٹر اینڈ سینیٹیشن منصوبوں کی مد میں آٹھ ارب نو کروڑ نوے لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔