خیبرپختونخوا کے تمباکو کاشتکاروں نے صوبائی ایکسائز ڈیوٹی اور تمباکو ڈویلپمنٹ ٹیکس کی شرح میں کئی گنا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیاہے ،کاشتکاروں نےخبردار کیا کہ اس میں کمی نہ کی گئی تو وہ تمباکو کاشت کرنا بند کردیں گے۔
انجمن کاشتکاران تمباکو کے صدر رستم خان نے پشاور پریس کلب میں دیگر کاشتکاروں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹیکسوں کو معاشی قتل قرار دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پچاس روپے کلو پر صوبائی ایکسائز ڈیوٹی نافذ کی گئی ہے ۔جبکہ ڈویلپمنٹ سیس چھ روپے سے بڑھا کر پچاس روپے فی کلو کردیا گیا ہے ۔جس سے کمپنیاں خریداری کم کردیں گی۔جس کا نقصان تمباکو کے کاشتکاروں اور اس صنعت سے وابستہ نو لاکھ افراد کو ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اپنے حق کے وہ صوبے میں احتجاج کریں گے اور تب بھی مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاجا تمباکو کی کاشت بند کردیں گے ۔