پاکستان نے یورپ کے تین ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اسلام آباد میں سماء کی نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دنیا اب فلسطینوں کو ان کا حق دینے کیلئے تیزی سے متفق ہو رہی ہے۔ چار کریبئن ممالک نے بھی چند روز پہلے ایسا ہی مستحسن فیصلہ کیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا فلسطین کو تسلیم کرنے والوں کی اقوام متحدہ میں بھاری اکثریت ہو چکی۔ یو این سمیت تمام عالمی فورمز میں فلسطین کو اب آزاد اور خود مختار ریاست کے مساوی حقوق بھی ملنے چاہئیں۔
ترجمان کے مطابق مومینٹم بن گیا، فلسطینیوں کو حق دینے کیلئے عالمی برادری تیزی سے متفق ہو رہی ہے، اقوام متحدہ میں فلسطین کو تسلیم کرنے والوں کی اکثریت تین چوتھائی ہوچکی، یو این کو اب ایک قدم آگے بڑھ کر فلسطین کو بطور ریاست جگہ دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اپنی آواز ملنی چاہئیے، اقوام متحدہ میں فلسطین کو خود مختار ریاست کے حقوق ملنے چاہئیں، فلسطین کو ووٹ اور مباحث میں دیگر ریاستوں کی طرح حصہ لینے کا حق ہونا چاہئے۔