اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کیس سماعت کےلیے مقرر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس بابر ستار کی فیملی کا ڈیٹا لیک کرنے پر جاری توہین عدالت کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس 6 جون کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ 23 مئی کو جسٹس محسن اختر کیانی کی چھٹی کے باعث کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ نے آج سماعت کرنا تھی، بینچ کے سربراہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے آج سماعت نہیں ہو سکی، عدالت نے پی ٹی اے سمیت فریقین سے آج رپورٹس طلب کر رکھی تھیں۔
خیال رہے کہ 14 مئی کو سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اس کیس میں ہمیں تمام خفیہ اداروں کے کردار کو دیکھنا ہے۔
واضح رہے کہ 6 مئی کو جسٹس بابر ستار نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں انہیں نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے بارے میں بتایا تھا، خط میں انہوں نے انکشاف کیا کہ آڈیو لیکس کیس میں مجھے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔
اس سے قبل 28 اپریل کو جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت دی تھی۔