وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شعبہ صحت میں بہتری کی کاوشیں رنگ لانے لگیں ۔
پنجاب کے شہروں اور دیہات میں فیلڈ اسپتال اور کلینک آن وہیلز سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہونے لگے جبکہ کینسر، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات گھر کی دہلیز پر ملنے لگیں۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز پراجیکٹ پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو خوش ، خوشحال اور صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہر سیکٹر میری ترجیح ہے مگر صحت کی سہولتوں کی بہتری پر پوری توجہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عوام کو گھر کی دہلیز پرعلاج کی سہولتیں مہیا کرنے والے ڈاکٹرز اوراسٹاف قابل تحسین ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں مراکز صحت اور اسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ جاری ہے ، صوبے کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال فنکشنل کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔