معروف اداکار طلعت حسین کراچی میں انتقال کرگئے۔ انتقال کی تصدیق ان کی صاحبزادی تزین حسین نے کی۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ طلعت حسین کافی عرصے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
طلعت حسین 1945 میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے، طلعت حسین نے 1967 سے اپنے فنی کیرئیر کا پاکستان ٹیلی وژن پر 1967ء سے کیا۔
صدر آرٹس کونسل کراچی احمد شاہ کا کہنا ہے کہ طلعت حسین کا آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے گہرا تعلق تھا، طلعت حسین آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی کا حصہ رہے، طلعت حسین جیسا منجھا ہوا اداکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔
احمد شاہ کا کہنا تھا کہ فن اداکاری میں طلعت حسین کا کوئی ثانی نہیں تھا، طلعت حسین نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کو اپنی منفرد انداز اداکاری سے دوام بخشا، طلعت حسین کو ان کی خدمات کے صلے میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ہم طلعت حسین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے طلعت حسین کی وفات پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت اور مرحوم اداکار کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ طلعت حسین ایک لیجینڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا، طلعت حسین نے اپنی جاندار اداکاری کے فن سے دنیا بھر کے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔ پاکستان ٹیلی ویژن ، تھئیٹر فلم اور ریڈیو کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔