فلسطینی مزاحتمی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ نے فلسطینی وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کل 35 ہزار 857 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق صہیونی فوج کے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 80 ہزار 293 ہوچکی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ شہدا کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ ہزاروں لاشیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوئی ہیں۔
شہید ہونے والوں میں ہزاروں بچے ، خواتین اور بوڑھے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسرائیل کو رفح آپریشن روکنے کا حکم دے دیا ہے اور اسرائیل سے ایک ماہ کے اندر فیصلے پر عمل در آمد کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
پاکستان سمیت دنیا کے دیگر اہم ممالک نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور حکم پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔