وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ نیٹ میٹرنگ ختم کررہے ہیں، جب بھی نیٹ میٹرنگ پالیسی میں کوئی تبدیلی لانا ہوگی شفاف طریقےسےلائیں گے۔
سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس پر وفاقی وزیر تونائی اویس لغاری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گذشتہ پچھلے پانچ چھ سال کے دوران سولر نیٹ میٹرنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور نجی سولر سسٹم سے پندرہ سو میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت آنے کے بعد کبھی نہیں کہا کہ نیٹ میٹرنگ ختم کررہے ہیں، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے مذاکرات میں بھی اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں نے سولر نیٹ میٹرنگ کا نیپرا کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ، اُسی معاہدے کے تحت ہی خریدوفروخت ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو بتایا ہےکہ توانائی شعبے کے گردشی قرض میں اضافہ روکیں گے۔