سپریم کورٹ میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر ہوگئیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 30 مئی کو نیب ترامیم سے متعلق اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔
گزشتہ سماعت پر وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیئے تھے جبکہ بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے تھے۔
عدالت عظمیٰ نے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے آئندہ سماعت کو لائیو دکھانے کیلئے درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عوامی مفاد کے مقدمات کی سماعت بینچ ون سے لائیو اسٹریم کی جاتی ہیں لیکن نیب ترامیم کیس کی اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر نہیں کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ کیس کی سماعت براہ راست نشر نہ ہونا امتیازی سلوک ہے۔