پاکستان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی حکومت کے اعلان پر یوم سوگ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق منگل کو ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے، ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پرچم سرنگوں رہے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اچھی خبر کی امید تھی،افسوس ایسا نہیں ہوا، عظیم ایرانی قوم اپنی روایتی ہمت کے ساتھ اس سانحہ پر قابو پالےگی۔ حکومت، عوام کی طرف سے ایرانی قوم سے تعزیت، اظہارہمدردی کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ حادثے میں شہید ہونے والوں کوجنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر کے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ کی موت کی تصدیق کردی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تقریباً 14 گھنٹے بعد ریسکیو ٹیموں کو ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔
ایرانی صدر کے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ سمیت سوار تمام افراد کی موت کی تصدیق کردی۔ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ امیرعبد الہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔