سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن معطل کئے جانے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔ عددی تناسب کے حساب سے تیار کیا گیا فارمولا بھی غیر مؤثر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن معطل کئے جانے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان عددی تناسب کے حساب سے تیار کیا گیا فارمولا بھی غیر مؤثر ہونے سے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ تاخیر کاشکار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشتوں کی تعداد میں تبدیلی کے بعد اب کمیٹیوں کی تقسیم دوبارہ ہوگی، حکومتی اتحاد کو پہلے 26 اور اپوزیشن جماعتوں کو 11 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی دینے پر اتفاق ہوا تھا۔
قواعد کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے بعد 30 روز میں کمیٹیاں قائم کرنا ضروری ہے تاہم 2 ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود اسپیکر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیاں تشکیل نہ دے سکے۔ قائمہ کمیٹیاں نہ ہونے سے وزارتوں کے بجٹ پر سفارشات بھی پیش نہیں کی جاسکیں گی۔