گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں گورنر راج لگا کر وزیر اعلیٰ کو سیاسی یتیم نہیں بناؤں گا۔
ڈیرہ اسماعیل میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں نے حلف اٹھانے کے فوراً بعد عہد کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق وفاق سے لے کر آؤں گا، میں نہیں چاہتا کہ گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی لڑائی میں میرے صوبے کے عوام متاثر ہوں، میں گورنر راج لگا کر وزیراعلیٰ کو سیاسی یتیم نہیں بناؤں گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کاکہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی ترجیحی بنیادوں پر عوام کو بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا مل سکے۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس پہ حملہ کرنے کی ریہرسل کرنا چاہتے ہیں تو میں کھلی دعوت دیتا ہوں، آپ بدمعاشی کریں گے تو پھر میں خود بدمعاش ہوں، آج کے بعد جیسا منہ ہوگا ویسا تھپڑ ماریں گے۔
سربراہ جے یو آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جس مینڈیٹ کے چوری ہونے کی بات کرتے ہیں تو کیا ان کے حلقے میں منڈیٹ پی ٹی آئی نے چرایا ہے، مولانا فضل الرحمن اگلے 5 سال ثوابی روزے رکھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے دروازے میرے مخالفوں کے لئے بھی کھلے ہیں، ہفتے میں ایک دن گورنر ہاؤس میں کھلی کچہری لگے گی اور عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے۔