اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلباء کے زیر اہتمام غزہ مارچ کے دوران مظاہرین نے سرینا چوک پر دھرنا دے دیا۔
جمعرات کو اسلامی جمعیت طلباء کی جانب سے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران مارچ کے شرکاء نے ڈپلومیٹک انکلیو کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم، پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور مظاہرین سے شدید دھکم پیل بھی کی گئی۔
پولیس کی جانب سے روکے جانے پر شرکا نے سرینا چوک پر دھرنا دے دیا اور خیمے نصب کر دیئے۔
شرکا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ہمیں امریکی سفارتخانے کے باہر تک جانے کی اجازت دی جائے اور جب تک اجازت نہیں دی جائے گی ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے اور ڈپلومیٹک انکلیو کی جانب جانے والے راستے پر خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں۔