انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئندہ سال ہونے والے اولمپکس میں خواتین کھلاڑیوں کو حجاب پہننے کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) نے کہا ہے کہ اگلے سال ہونے والے اولمپکس میں خواتین کھلاڑیوں کو حجاب پہننے کی اجازت ہو گی۔
یاد رہے کہ میزبان ملک فرانس نے اپنی ٹیم کے ارکان پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
فرانسیسی وزیر کھیل ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا نے کہا تھا کہ پابندی سیکولرازم کے اصولوں کے احترام میں مدد کے لیے ہے۔
لیکن آئی او سی نے واضح کیا ہے کہ اس ضابطے کا اطلاق پیرس 2024 میں شرکت کرنے والے دوسرے ممالک پر نہیں ہوگا۔
آئی او سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اولمپک ولیج کے لیے آئی او سی کے قوانین لاگو ہوتے ہیں، حجاب یا کوئی اور مذہبی یا ثقافتی لباس پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ فرانسیسی ضابطہ صرف فرانسیسی ٹیم کے اراکین سے متعلق ہے اس لیے ہم فرانسیسی ایتھلیٹس کے حوالے سے صورتحال کو مزید سمجھنے کے لیے فرانسیسی اولمپک کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ فرانس کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کے حجاب پہننے پر پابندی کے فیصلے کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔