ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ایک بے ہنگم طور پر بڑھتے ہوئے شہر کی حیثیت سے صاف پانی کی فراہمی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بوسیدہ نظام جیسی وجوہات کے باعث اہم ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور تیزی سے صنعتکاری ماحولیاتی مسائل کو بڑھا رہی ہے، جس سے صحت عامہ اور ماحولیات کے تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔
جی این ایم آئی کے جنرل سیکریٹری سید مسعود رضا نے امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے گلوبل نیبرہڈ فار میڈیا انوویشن (جی این ایم آئی) کے زیر اہتمام کراچی میں سبز جرنلزم انوائرمنٹل رپورٹنگ کی ٹریننگ کے دوران کہا کہ تحقیقاتی اور ڈیٹا پر مبنی صحافت پاکستان کی ماحولیاتی رپورٹنگ کیلئے ناگزیر ہیں، جو انسانوں سے متعلق اہم مسائل کو اجاگر کرنے اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقی اصولوں کو اپنانا ماحولیاتی رپورٹنگ کیلئے انتہائی اہم ہے، جو صحافت کے اعلیٰ معیارکو برقرار رکھتے ہوئے سچائی اور درستگی کی تلاش میں صحافیوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف سندھ کے چیف کنزرویٹر جاوید احمد مہر نے عوام کو ماحولیاتی مسائل سے آگاہ کرنے میں باخبر اور مستند صحافیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ماحولیاتی معاملات کو بہتر طور پر سمجھنے کیلئے جغرافیہ اور بشریات جیسے موضوعات کی جامع تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔
اس نشست کا مقصد مڈ کیریئر صحافیوں، ڈیجیٹل کانٹینٹ تیار کرنے والوں اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسرز کو بااختیار بنانا ہے جو مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر آب و ہوا سے متعلق رپورٹنگ میں فعال طور پر مصروف ہیں، جس میں ماحولیات کی سائنس کو سمجھنے، آب و ہوا اور ماحول کے درمیان فرق، اعداد و شمار پر مبنی اور تحقیقاتی اسٹوری کی تیاری، ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ کی تکنیک اور کانٹینٹ کے پھیلاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
پروگرام میں موبائل جرنلزم کے ایکسپرٹ ایاز خان اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور مونیٹائزیشن کے ماہر حسن میر سمیت اس شعبے کے معروف ماہرین کے سیشنز شامل تھے۔
تقریب میں ڈان، سماء ٹی وی، جنگ نیوز، اے آر وائی نیوز، جیو نیوز، آج ٹی وی، نیو ٹی وی، 24 نیوز، ریڈیو پاکستان، سوچ میڈیا، ڈائیلاگ پاکستان، سندھ ایکسپریس نیوز، گوادر اور دیگر فری لانس صحافیوں اور فلم سازوں سمیت کراچی کے نامور میڈیا ہاؤسز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے سبز جرنلزم فیلوشپ پروگرام پاکستان میں ماحولیاتی رپورٹنگ کے معیار اور والیم کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے، جس سے بالآخر ماحولیاتی مسائل پر عوامی آگاہی اور بہتر طور پر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔